اکیڈمی کی لائبریری کو از سر نو ترتیب دیا گیا ہے۔ منتخب کتب اور جرائد کی خرید سے لائبریری نے ایک واضح اور منظم صورت اختیار کرلی ہے۔ محبان اردو نے بھی کچھ کتابیں مرحمت فرماکر کتب کے ذخیرے میں اضافہ کیا ہے۔ انھیں اسٹیل کے ریکس میں رکھا گیا ہے تاکہ قارئیں و شائقین کی ان تک رسائی کوسہل بنایا جا سکے۔ ترتیب اور سلیقے سے رکھی گئی کتابیں Open Shell Systemکی ایک مثال ہیں۔ خوبصورت ڈھنگ سے تعمیر عمارت میں مستقبل میں مزید توسیع کی کافی گنجائش ہے۔
لائبریری ایک ایسی جگہ ہے جہاں دستاویزی اور غیر دستاویزی معلومات اور مواخذ کو منظم صورت میں محفوظ رکھا جاتا ہے تاکہ وہ لوگوں تک بہ آسانی پہنچ سکے۔ کسی بھی ادارے کے اغراض ومقاصد کی حصول یابی کےلیے اس نوع کی سہولت کا ایک اہم رول ہے۔ پنجاب اردو اکیڈمی کا بنیادی مقصد اردو زبان و ادب کو فروغ دینا,نہ صرف پنجاب تک اردو کی ترویج و ترقی کو محدود رکھنامقصود ہے بلکہ ہندوستان بھر میں اردو کے فیض کو عام کرنا ہے۔ لہذا پنجاب اردواکیڈمی کی لائبریری ہنوز اپنے ابتدائی دور سے گذر رہی ہ,تاہم ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ اس کووسعت ملے،اس میں بہتری اور تیزی آئے اور اس کا استعمال کرنے والے حضرات ثمرآور ڈھنگ سے اس کی خدمات سے مستفیض ہو سکیں۔ یہ بالکل پبلک لائبریری کی طرح ہے جس تک ہر کسی کی رسائی سہل اور ممکن ہے۔ ہر کوئی خواہش مند اس کا ممبر بننے کے اہل ہے بشرطیکہ کہ وہ چند بنیادی شرائط پر کھرا اترتا ہو۔یعنی لائبریری کی رکنیت کے اصول و ضوابط کا پابند ہو۔
لائبریری میں ریڈنگ روم کی سہولت موجود ہے جہاں بیٹھ کر جو ممبر نہیں بھی ہیں وہ بھی مطالعہ کی محویت,یکسوئی اور سکون سے خود کو سرشار کر سکتے ہیں۔ وہ طلبہ وطالبات جن کے گھر پر حصولِ علم کے لیے ماحول سازگار نہیں ہے وہ بھی لائبریری اوقات میں بغیر رقم خرچ کیے فیض یاب ہو سکتے ہیں۔
ہم وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم پورے جوش وخروش کے ساتھ گامزن ہیں۔ آج کے دور میں جب ٹیکنالوجی نے انسانی مستقبل کا اک نیا تصوّر ہمارے سامنے رکھا ہے ,نشاۃ ثانیہ (Renaissance)کے اس عہد میں لائبریری انسانی ثقافت و تہذیب کا ایک ایسا عنصر ہے جسے ہر طرح کی سہولت سے آراستہ کرنا ازحدلازمی ہے۔ مثلا ً Automation, Networking, Digitizationوغیرہ۔